ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

"موسم سردد اور خشک رہے گا""

تحریر: وسیم عظمت

Weather forecast for Lahore, Weather Blog, city42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 دھندلے موسم کے مزے لینے  سے گریزاں، خوف کے کمبل میں جکڑے لہوریوں کو اچانک بارش کی فورکاسٹ نے ایک طرف تو خوش کر دیا دوسری طرف سردی آنے کے خوف  نے انہیں "ڈریس کوڈ" ہی چینج کر ڈالنے پر مجبور کر دیا۔ بہت سے لہوریوں نے نسبتاً گرم کپڑے نکال کر پہن لئے اور بہت سے نئے اور پرانے گرم کپڑوں کی تلاش میں نئے اور پرانے کپڑوں کی آؤٹ لیٹس پر شاپنگ کرنے پہنچ گئے۔

موسم کے نیم حکیموں نے  کل یہ خوش خبری سنا کر لہوریوں کو سویٹر اوڑھا دیئے کہ  بارش آج یعنی 14 نومبر کو ہونے والی ہے۔ چوبیس گھنٹے  ایسے گزرے کہ لہوریوں کو بارش آنے کی توقع نے ہی ٹھنڈا کر ڈالا اور  کسی نے سویٹر ، کسی نے جیکٹ، کسی نے کوٹ اور کسی نے فل سلیوو شرٹیں پہن کر بارشی دن کا سامنا کرنے کی تیاری کر لی۔ بعض زیادہ ایفیشینٹ تو  رین کوٹ بھی ساتھ لے کر گھروں سے نکلے لیکن بارش تو نہیں ہوئی  بلکہ بارش لانے والے بادل دن بھر  اور اس کے بعد بدھ جمعرات کی درمیانی شب 12 بجے تک آسمان پر ڈھونڈے نہیں ملے۔

جمعرات کی شام ایک بار پھر  میٹ ڈیپارٹمنٹ نے بدھ کی شام کی گئی فور کاسٹ ہی زرا مائلڈ الفاظ کے ساتھ دہرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لہور اور پنجاب کے کئی دیگر شہروں میں جمعرات کو  "مطلع جزوی ابر آلود"  رہے گا۔ جس مطلع کے "جزوی ابر آلود" رہنے کی جمعرات کی شام فورکاسٹ کی گئی ہے وہ ہنوز  کلئیر ہے اور آسمان پر دھندلا سفید چاند دبی دبی مسکراہٹ کے ساتھ افق کے ایک سرے سے دوسرے سرے کی طرف سفر کرتا  صاف دکھائی دے رہا ہے۔

موسم کے ماہر ین کی فور کاسٹ کا بھرم رکھنے کے لئے ممکن ہے آج جمعہ کی شام آسمان پر بادل کے چند بےثمر ٹکڑے نمودار ہو جائیں اور رات بھر لہوریئے آسمان پر تیرتے بادلوں کو دیکھ دیکھ کر اپنے نئے نویلے سرمائی پہناووں کو ہاتھ سے سہلاتے رہیں  تاہم بارش کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔ 

انڈیا کے میٹ ڈیپارٹمنٹ نے نومبر کے شروع میں  بتایا تھا کہ یہ نومبر تقریباً گرم رہے گا اور سردی کا جلد آغاز ہونے کا کوئی امکان نہیں۔  موسم کی انٹرنیشنل ویب سائٹ ایکو ویدر  اور کئی دوسری ویب سائٹس جو مقامی میٹ آفس کے ساتھ ویدر کی دیگر دستیاب معلومات بھی جمع کر کے ان کی مدد سے فورکاسٹ جنریٹ کرتی ہیں، ان سب  کا  دو ہفتے پہلے کی فورکاسٹس میں نومبر کے دوران بارش کا امکان نہ ہونے کے برابر تھا  تاہم دھوپ کے کچھ دنوں کے ساتھ اکا دکا معمولی بادلوں کے دن بھی متوقع تھے۔  آج جمعے کے دن کے متعلق  ہماری رائے یہ ہے کہ موسم تقریباً کلئیر تاہم وہی ہیزی یعنی دھندلاہٹ زدہ رہے گا، شام کو ممکن ہے آسمان پر کچھ بھولے بھٹکے بادل آ جائیں۔

موسم کے پاکستانی ماہرین کل اپنی آج کی فورکاسٹ کے متعلق یقیناً کچھ نہیں کہیں گے تاہم وہ نئی فورکاسٹ ضرور داغ دیں گے جو یہ بھی ہو سکتی ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں "موسم سرد اور خشک رہے گا" ،  یہ الگ بات کہ اس فور کاسٹ کا بھی صرف آخری حصہ ہی پورا ہو پائے گا کیونکہ موسم کو سرد ہونے میں ابھی کئی ہفتے لگیں گے۔  

جو چیز یقینی دکھائی دیتی ہے وہ موئسچر سے محروم "سوکھی روکھی دھندلاہٹ" کا برقرار رہنا ہے۔  ہر ہمہ شمہ اس سوکھی روکھی دھندلاہٹ کو "سموگ" قرار دینے کے لئے مافوق العقل دلائل کا انبار سر پر لادے پھرتا ہے، اس لئے اسے خواہ سموگ کہیئے، خواہ کچھ اور-  یہ سرِ دست جا نہیں رہی.  یہ الگ بات کہ لہوریوں کی بڑی تعداد کو اس  سوکھی روکھی دھندلاہٹ نے اب تک بیمار نہیں کیا حالانکہ  مقامی اور بین الاقوامی "ماہرین" تو  اس بے ضرر فنامنا کے ہتھیار سے ہسپتالوں کو بھر چکے بلکہ اب  خاکم بہ دہن قبرستان بھی بھرنے کے درپے ہیں۔