ویب ڈیسک: بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نیوزی لینڈ ٹاکرے سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ پر پچ تبدیل کرنے کا الزام عائد ہوا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ بی سی سی آئی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سیکی اجازت کے بغیر سیمی فائنل کی پچ کو اپنے سپنرز کو فائدہ پہنچانے کیلئے تبدیل کر دیا۔
برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیمی فائنل وانکھیڑے اسٹیڈیم کی پچ نمبر 7 پر ہونا تھا جس پر ابھی تک ورلڈکپ کا کوئی میچ نہیں کھیلا گیا۔ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کی اجازت کے بغیر پچ نمبر6 پر میچ کرانے کا فیصلہ کیا جس پر پہلے ہی 2 میچ کھیلے جاچکے ہیں۔
انھوں نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ بی سی سی آئی اور آئی سی سی کے عہدےداروں کے درمیان واٹس ایپ گروپ میں ایک ایسا پیغام گردش کر رہا ہے جو اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ پہلے سیمی فائنل میں اپنے سپنرزکو فائدہ پہنچانے کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ نے پچ تبدیل کر دی ہے تاکہ وہ باآسانی فائنل میں چلے جائیں۔