(محمدعیسی) سابق وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حاجی لشکری رئیسانی کو مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کی دعوت دینے آیا ہوں، ان کی شمولیت سے ن لیگ کو تقویت ملے گی۔
سابق وزیراعظم پاکستان اور قائد میاں نواز شریف اپنے بھائی اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے ہمراہ ساوران ہاس کوئٹہ پہنچے تو سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی اور نوابزادہ لشکری رئیسانی نے ان کا استقبال کیا، میاں برادران کے ہمراہ سردار ایاز صادق اور شیخ جعفر مندوخیل بھی تھے۔
میاں شہباز شریف نے نوابزادہ حاجی لشکری کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج نواب اسلم رئیسانی اور حاجی لشکری رئیسانی سے ملنے آیا ہوں، سیاست اپنی جگہ ہمارا خاندانی تعلق ہے اس کا ہمیشہ ہم نے احترام کیا، 70 کی دہائی میں ان کے والد نواب غوث بخش ہمارے گھر میں ٹھہرتے تھے، یہ محترم بلوچ محترم پاکستانی ہیں، ہم نے ملکر اس صوبے کو خوشحال بنانا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ صدق دل سے سمجھتا ہوں نواز شریف آج ایک مدبر ہیں، نواز شریف کو تمام صوبوں سے محبت ہے، بلوچستان کیلئے خدمات عیاں ہیں، نواز شریف کے دور میں یہاں سڑکوں کا جال بچھایا گیا، پچھلی حکومت میں چار سال تباہی و بربادی ہوئی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ حاجی لشکری رئیسانی کو مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کی دعوت دینے آیا ہوں، ان کی شمولیت سے ن لیگ کو تقویت ملے گی، حاجی لشکری رئیسانی قوم پرست سیاستدان ہیں کبھی پاکستان کے خلاف بندوق نہیں اٹھائی، آج نوابزادہ صاحب نے ہمارے ساتھ سیاسی عمل میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے، صوبائی قیادت سمیت باقی معاملات ان کے ساتھ ملکر طے کریں گے۔
پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ نے کہا کہ بلاول بھٹو میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں ،پیپلزپارٹی سے اچھے تعلقات ہیں، ہمیں پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے، مجھے امید ہے تمام سٹیک ہولڈرز اور سیاسی زعما ماضی سے سبق سیکھیں گے، ایک دوسرے پر الزام تراشی اور رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا، مناسب یہ ہے کہ ہم سب اپنے گریبانوں میں جھانکیں اور اپنی غلطیوں کا جائزہ لیں۔
سیلاب متاثرین کی بحالی سے متعلق انہوں نے کہا کہ سیلاب آیا تو ہم حکومت میں آرام سے نہیں بیٹھے، 100 ارب روپے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے خرچ کیا، پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
دوسری جانب نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب نے دعوت دی ہمارے لئے اعزاز ہے، صوبے کے مسائل سیاسی عمل سے ممکن ہیں، ہم نے اس سیاسی عمل کا حصہ ہیں، ن لیگ میں شمولیت سے متعلق بہت جلد اپنا فیصلہ کرکے اعلان کریں گے۔