آج پٹرول کی قیمت میں اضافہ کا خدشہ

15 Nov, 2023 | 12:27 AM

سٹی42: بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں آج 16 نومبر سے پٹرول کی قیمت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اوگرا کے معاملات پر نظر رکھنے والے ذرائع کا کہنا ہے کہ  عالمی سطح پر خام تیل کے مستقبل کے سودوں میں قیمتوں میں کمی تھوڑی ہوئی ہے اور پاکستانی روپیہ کے مقابلہ میں امریکی ڈالر کیقیمت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ اس تناظر میں اوگرا میں ماہرین کی ورکنگ کا نتیجہ  آج شب بارہ بجے  پٹرول کی قیمت میں مزید 3 روپے فی لیٹر اضافے کی صورت میں نکلنےکا امکان ہے۔ 

اوگرا کی جانب سے وفاقی حکومت کو بھیجی گئی سمری میں پٹرول کی قیمت میں تقریباً تین روپے فی لٹر اضافی کے ساتھ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے فی لٹر کمی کی منظوری مانگی گئی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ آج شب ہائی سپیڈ ڈیزل استعمال کرنے والوں کےلئے قیمت میں 8.50 روپے تک کمی کا اعلان ہوسکتا ہےجبکہ مٹی کے تیل کی قیمتوں میں 5.5 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 8.5 روپے فی لیٹر کی کمی ہو سکتی ہے۔ 

یکم نومبر کو پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 199.16 روپے مقرر کی گئی تھی اور  15 نومبر  کو اس کے 202.34 روپے تک بڑھنے کی امید ہے۔  1 نومبر کو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی سابق ریفائنری قیمت 225.72 روپے تھی، اور 15 نومبر تک اس کے 217.52 روپے تک کم ہونے کا امکان ہے۔

ریفائنری کی سابقہ قیمتوں میں فرق کی وجہ سے، ڈیزل کے مزید سستاہونے کی امید ہے، جبکہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) 15 نومبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر کام مکمل کر کے اپنی سفارشات حکومت کو بھجوا چکی ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ان مصنوعات کی قیمتیں مزید پندرہ روز کے لئے موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا بھی اعلان کر سکتی ہے۔

اس سے قبل آنے والی بعض رپورٹوں میں پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا  جا رہا تھا۔ یہ تبدیلی 15 نومبر سے متوقع تھی، جس کی وجہ تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی بتائی جا رہی تھی لیکن اس دوران ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہونے کے بعد اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان خﷺاب دکھائی دینے لگا ہے۔ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی 15 اکتوبر کو کی تھی۔ تب سے آج 15 نومبر تک روپیہ کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں دس روپے سترہ پیسے اضافہ ہو چکا ہے۔ 

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان نگراں حکومت کرے گی اور فنانس ڈویژن باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

مزیدخبریں