شہزاد خان : گلبرگ،پیس شاپنگ سنٹر کو آتشزدگی کی نذر ہوئے 8 ماہ کا عرصہ بیت گیا ۔تاحال گلبرگ پیس شاپنگ سنٹر کی بحالی کیلئےپیشرفت نہ ہوسکی جبکہ تاجروں اور پلازہ مالکان کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق بدقسمت پلازے گلبرگ،پیس شاپنگ سنٹر کو آتشزدگی کی نذر ہوئے اب تک 8 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا ہے، مگر پلازے کی بحالی میں تاجروں اور مالکان کے مابین پیشرفت نہیں ہو سکی۔ پیس سنٹر کے مالکان کی جانب سے تاجروں 5 کی بجائے 12 منزلہ پلازہ بنانے کی آفر کی گئی۔
نچلے 5 فلور تاجروں اور اوپر والے7 مالکان کے ہونگے۔ آتشزدگی کے وقت پیس سنٹر کے 5 فلور تھے، جو آتشزدگی کی نذر ہوگئے، تاہم تاجر مالکان کی 12 منزلہ پلازہ بنانے تجویز پر آمادہ نہیں ہوئے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ تاجر مالکان پر اعتماد نہیں کرتے کہ کہیں کل کو کسی کو ایک بھی دکان نہ دیں۔ اس حوالے سے لاہور چیمبر کی کوششیں بھی بارآور ثابت نہیں ہو سکیں۔