(مانیٹرنگ ڈیسک) انڈونیشیا کی خاتونِ اول اریانا جوکو ویدودو طیارے سے اترتے ہوئے پھسل کر گرگئیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب صدارتی طیارہ بالی کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اترا اور انڈونیشن صدر جوکو ویدودو اپنی اہلیہ کے ہمراہ اس سے اتر رہے تھے،طیارے سے اترتے وقت انڈونیشین خاتون اول سیڑھیوں پر پھسل کر گرگئیں،اس وقت صدر اور ان کی اہلیہ نے ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑا ہوا تھا مگر اہلیہ کے گرنے پر انڈونیشین صدر حیرت زدہ نظر آئے اور اپنی جگہ رک کر اریانا جوکو ویدودو کو دیکھنے لگے۔اس موقع پر انہوں نے خود اہلیہ کو نہیں اٹھایا جبکہ ایک مرد اہلکار مدد کے لیے آگے آیا تو اسے بھی روک دیا۔
بعد ازاں ایک خاتون معاون نے آکر خاتون اول کو اٹھایا اور پھر وہ دونوں اکٹھے طیارے کی سیڑھیوں سے نیچے اترے۔صدارتی عملے کے مطابق اس واقعے کے بعد خاتون اول کی طبعیت ٹھیک ہے اور وہ جی 20 کانفرنس میں شریک ہوں گی۔