(عابد چودھری)بادامی باغ میں مدرسہ کے قاری کے مبینہ تشدد سے 14 سالہ بچے کی ہلاکت پر قاری امجد کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بادامی باغ کے علاقے میں واقع مدرسہ میں قاری امجد نے حافظ حمزہ پر مبینہ طور پر تشدد کیا جس کے باعث وہ ہسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا،پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد مقتول حمزہ کی لاش ورثا کے حوالے کر دی،پولیس نے قاری ماجد سمیت دو دیگر نامعلوم ملزمان کےخلاف مقدمہ درج کر لیا۔
مقدمہ مقتول حافظ حمزہ کے والد واجد کی مدعیت میں درج کیا گیا، سی سی پی او نے لواحقین کو انصاف کی یقین دہانی کروائی ہے۔
واضح رہے کہ بادامی باغ ملک پارک کا رہائشی 14 سالہ حمزہ دارالعلوم حمیدیہ میں زیر تعلیم تھا، حمزہ کو دو روز قبل قاری محمد ماجد نے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایاتھا۔
مضروب کو میو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے حمزہ کی لاش پوسٹمارٹم کے لئےمردہ خانے منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔