( حافظ شہباز علی ) قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ پر روانگی کا شیڈول طے پاگیا۔
دورہ نیوزی لینڈ کے لئے منتخب کھلاڑی اور آفیشلز کو 20 نومبر کو طلب کرلیا گیا، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو 20 نومبر کو مقامی ہوٹل میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، 21 نومبر کو تمام کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کی ہوٹل میں کوویڈ ٹیسٹنگ ہوگی۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ روانگی سے قبل کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صرف ایک کوویڈ ٹیسٹنگ ہوگی، مثبت کوویڈ رپورٹ والا کھلاڑی یا آفیشل ٹیم کے ہمراہ نیوزی لینڈ نہیں جاسکے گا، مثبت کوویڈ ٹیسٹ والا کھلاڑی یا آفیشل ٹیسٹ منفی آنے کے بعد نیوزی لینڈ جاسکے گا۔
23 نومبر کو قومی ٹیم نیوزی لینڈ روانہ ہوگی جہاں نیوزی لینڈ پہنچ کر اسکواڈ کی دوبارہ کوویڈ ٹیسٹنگ ہوگی۔ نیوزی لینڈ پہنچ کر قومی اسکواڈ کو سخت آئسولیشن کا سامنا کرنا ہو گا۔
واضح رہے دورہ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں جبکہ پاکستانی شاہین ٹیم نیوزی لینڈ اے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور چار روزہ میچز کی سیریز کھیلے گی۔