محکمہ ایکسائز کے دعوے جھوٹے نکلے

15 Nov, 2020 | 02:16 PM

Sughra Afzal

فرید کوٹ ہاؤس (علی ساہی) یونیورسل نمبر پلیٹس نے ایکسائز کے دعوے جھوٹے ثابت کردیئے، یونیورسل نمبر پلیٹس کے اجراء کے 4 ماہ بعد صوبہ بھر میں گزشتہ سال کی نسبت 50 ہزار رجسٹریشن بڑھی۔

گزشتہ سال انہی 4 ماہ کے دوران 3 لاکھ 4 ہزار جبکہ نمبرز اور پلیٹس کی تبدیلی کے بعد 3 لاکھ  54 ہزار گاڑیاں و موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہوئیں، لاہور میں یونیورسل نمبر پلیٹس کے بعد گاڑیوں کی رجسٹریشن میں کمی کی بجائے گزشتہ سالوں کی نسبت اضافہ ہوا، ایکسائز نے صوبہ بھر میں ایک ہی طرز کی یونیورسل نمبر پلیٹس کے اجراء کے بعد تمام اضلاع میں رجسٹریشن میں اضافے اور لاہور میں رجسٹریشن کم ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق ابھی شہریوں کا رجحان لاہور میں رجسٹرڈ کرانے کا ہے، رواں سال شروع ہونے والے یونیورسل نمبر کی بات کی جائے تو آغاز اگست سے نومبر تک 3 لاکھ 54 ہزار 779 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ گزشتہ سال اگست سے نومبر تک 3 لاکھ 4 ہزار 200 گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئی تھیں، یونیورسل نمبر پلیٹ کے اجراء کے بعد لاہور میں 87 ہزار 366 گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہوئیں، جس میں 14 ہزار 159 کاریں اور 71 ہزار 871 موٹر سائیکلیں شامل ہیں، گزشتہ سال لاہور میں 14 ہزار کاریں جبکہ 64 ہزار 270 موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہوئی تھیں۔

ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ شہری کسی بھی شہر سے نمبر لگوائیں سریز ایک سے ہی نمبر ملے گا، اس لیے لاہور اور دیگر شہروں میں رجسٹرڈ گاڑیوں کا سٹیٹس ایک ہی ہے، شہری گاڑیاں اپنے شہر سے ہی رجسٹرڈ کرائیں۔

مزیدخبریں