نیب مقدمات کی آئندہ ہفتے کی پیشی فہرستیں منسوخ

15 Nov, 2020 | 12:40 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ میں سولہ نومبر سے شروع ہونے والےعدالتی ہفتے کے دوران نیب کے ریگولر کیسز کی سماعت نہیں ہوگی، عدالت عالیہ میں لیگی رہنما رانا ثناءاللہ کی درخواست ضمانت سمیت دیگر نیب مقدمات کی آئندہ ہفتے کی پیشی فہرستیں منسوخ کردی گئیں۔

ذرائع کے مطابق جسٹس سردار احمد نعیم کی مصروفیات کے باعث آئندہ ہفتے نیب کے ریگولر کیسز کی سماعت نہیں ہوگی، جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بنچ سولہ نومبر سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران صرف ارجنٹ کیسز کی سماعت کرے گا، سابق ایس ایس پی جنید ارشد سمیت دیگر درخواستیں ضمانتوں کے حوالے سے بھی پیشی فہرست منسوخ کردی گئی، لیگی رہنما رانا ثناء اللہ سمیت دیگر کے نیب کیسز کے متعلق ریگولر کیسز کی سماعت دوبارہ مقرر کی جائے گی۔

واضح رہے کہ   لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی متفرق درخواست پر رانا ثناء اللہ کی درخواست ضمانت 16 نومبر کو مقرر کرنے کا حکم دیا تھا، نیب کی جانب سےموقف اختیار کیا گیا تھا کہ رانا ثناءاللہ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 25 مارچ سے عبوری ضمانت پر ہیں، رانا ثناءاللہ اپنی ضمانت کا غلط استعمال کر رہے ہیں، رانا ثناءاللہ نیب کے ثبوتوں اور شواہد کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

  نیب کی متفرق درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ لاہور ہائیکورٹ رانا ثناءاللہ کے کیس کی جلد سماعت کی تاریخ مقرر کرے۔

مزیدخبریں