سٹی42: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا مرکزی رن وے مرمتی کام کی وجہ سے ایک سال کے لیے بند کر دیا گیا۔ دھند کے باعث رن وے پرحدنگاہ 1000میٹر رہ گئی ہے جس کے باعث پائلٹس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ایئر پورٹ کا مرکزی رن وے 36۔آر R کو مرمت کے لیے تما م پروازوں کی لینڈنگ کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ کے سیکنڈری رن وے 36 ایل کو متبادل کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے مرکزی رن وے پر مرمتی کام جاری ہے۔
سی اے اے کے مطابق لاہور ایئر پورٹ کے سکینڈری رن وے پر متبادل کے طور پر فلائٹ آپریشن جاری ہے، ایئر پورٹ حکام کی جانب سے تمام ایئر لائنز انتظامیہ کو ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکینڈری رن وے پر آئی ایل ایس کیٹگری 2 سٹم موجود ہے جو طیاروں کو حد نگاہ 700 میٹر تک لینڈنگ میں مدد کرتا ہے، ایئر لائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مسافروں کی تعداد اور فیول کی مقدار کم سے کم رکھیں۔
دوسری جانب لاہور ائیرپورٹ کے اطراف میں دھند کے باعث رن وے پر حد نگاہ 1000 میٹر رہ گئی ہے۔ پائلٹس کو تیز سموگ اور دھند کے باعث لاہور ائیرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف میں مشکلات کے سامنا ہے۔اے ٹی سی حکام کیجانب سے تمام پائلٹوں کو لینڈنگ اور ٹیک آف سے پہلےحفاظتی قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سکینڈری رن وے پر دھند میں لینڈنگ کےجدید نظام کی بجائے کم رینج آر ویی آر سسٹم کی انسٹالیشن جاری ہے۔ایئر پورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے حوالے سے ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز کو شیڈول تبدیل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، تمام ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز اگلے ماہ سے ا پنا شیڈول تبدیل کریں گی۔سی اے اے کا کہنا ہے کہ لاہور ایئر پورٹ کا مرکزی رن وے کا مرمتی کام نومبر 2021 تک مکمل کر لیا جائے گا۔