کینٹ (زین مدنی )معروف ماڈل، اداکارہ اور میزبان وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے دونوں بچوں کو غیر قانونی طریقے سے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای)سے پاکستان منتقل کرنے پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔
وینا ملک کے سابق شوہر نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری سلسلہ وار ٹوئٹس میں اپنی سابق اہلیہ پر الزامات لگائے۔ اسد خٹک نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ بہت سوچا لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، انہوں نے لکھا کہ میری خاموشی کو بزدلی سمجھا گیا، مجھے امید ہے کہ ایک باپ کو انصاف ملے گا کیونکہ اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔انہوں نے لکھا کہ جس اذیت سے میں گزر رہا ہوں کسی کو جواب دینا ہوگا، میں نے وینا ملک کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔
اسد خٹک کا کہنا تھا کہ وینا ملک نے ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باجود انہیں اپنے بچوں سے ملنے دیا اور نہ ہی بات کرنے دے رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تنگ آکر انہیں قانونی راستہ اپنانا پڑا، اسد خٹک نے یہ بھی کہا کہ دبئی کی عدالت نے بھی ان کے حق میں فیصلہ دیا، لیکن وہاں سے وینا فرار ہوگئیں اور بچے متحدہ عرب امارات سے پاکستان سمگل کر دیے گئے۔
وینا ملک کے سابق شوہر کا کہنا تھا کہ ان کے دونوں بچے امریکی شہری ہیں، انہوں نے الزام لگایا کہ وینا ملک نے نہ صرف انہیں دھوکا دیا بلکہ دبئی حکومت کو بھی چکمہ دے کر بچوں کو پاکستان لے آئیں۔ اب وینا ملک کو سب باتوں کا جواب عدالت میں دینا ہوگا، انہوں نے یہ سوال بھی کیا کہ 2 امریکی شہری کس طرح دبئی سے پاکستان سمگل ہو گئے? پاکستانی حکومت کہاں ہے؟
اسد خٹک نے کہا کہ ان سب کے باوجود ان کی ہی کردار کشی کی گئی، انہوں نے الزام لگایا کہ انہیں اور ان کے خاندان کو دھمکیاں دی گئیں اور ہراساں کیا گیا۔ وینا ملک کے سابق شوہر کا کہنا تھا کہ' میرا کرئیر تباہ کیا گیا اور میرے ساتھ بازاری زبان استعمال کی گئی لیکن انسان کا سب سے بڑا اثاثہ اس کی اولاد ہوتی ہے، جن کی آنکھوں سے نور چھن جائے ان کے صبح شام ایک برابر ہوتے ہیں۔
اسد خٹک نے ڈیڑھ سال کے عرصے تک اپنی خاموشی کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا کہ بہت بڑے نامور لوگوں اور علما کے کہنے پر زبان بند رکھی، بچوں کی خاطر ہر چیز برداشت کی، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ ان کی سابق اہلیہ کی اصلیت سب کے سامنے رکھی جائے۔بعدازاں اسد خٹک نے دبئی عدالت کے احکامات اور بچوں کی شناختی دستاویزات بھی ٹوئٹر پر شیئر کیں اور لکھا کہ میں نے زاہدہ عرف وینا ملک کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے اور میں ہر قسم کی سخت قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتا ہوں، میرے بچوں کو بازیاب کروایا جائے۔
اسد خٹک نے اس حوالے سے اپنا ویڈیو بیان بھی جاری کیا اور امریکی مشن سے بچوں سے ملوانے کی اپیل بھی کی۔یاد رہے کہ اسد خٹک اور وینا کی شادی 25 دسمبر 2013 کو ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں اور وینا ملک نے 2017 میں اسد بشیر خٹک سے خلع لے لی تھی۔