(ملک اشرف) چیف جسٹس آف پاکستان کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سینئر ترین جج جسٹس مامون رشید شیخ کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نامزد کر دیا گیا ۔
صدر پاکستان کی منظوری کے بعد جسٹس مامون رشید شیخ کا بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا، چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان 31 دسمبر 2019ء کو ریٹائرہوں گے، جسٹس مامون رشید شیخ یکم جنوری 2020ء کو چیف جسٹس کا حلف اٹھائیں گے، جسٹس مامون رشید شیخ کے چیف جسٹس نامزد ہونے پر لاہور ہائیکورٹ میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
صدر بائیکورٹ بار حفیظ الرحمان چودھری سمیت دیگر وکلاء اور ججز نے نامزد چیف جسٹس مامون رشید شیخ کو مبارک بادیں دیں اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، نامزد چیف جسٹس ہائیکورٹ مامون رشید شیخ نے مبارکبادیں دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سائلین کو بروقت انصاف فراہم کرنا ترجیح ہوگا۔