شہزاد خان: روس کے سفیر الیگزی یوزاوچ کا تجارتی نمائندے کے ہمراہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ، صدر سید الماس حیدر، سینئرنائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سیگل اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق روسی سفیر الیگزی یوزاوچ کے لاہور چیمبر کے دورے کے موقع پر ایوان صنعت وتجارت کے ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران حارث عتیق، ارشد خان، سابق سیکرٹری جنرل سارک چیمبر رحمت اللہ جاوید، چیرمین فیروز پور روڈ ویلفیئرانڈسٹریل ایسوسی ایشن میاں عبدالرزاق سمیت دیگر کاروباری شخصیات موجود تھیں۔
روسی سفیر نے کہا کہ روس اور پاکستان تجارتی اعتبار سے نہایت اہم ہیں، پاکستانی صنعتکار مختلف شعبوں میں روسی مہارت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ صدر ایوان صنعت وتجارت سید الماس حیدر نے کہا کہ پاک روس تجارتی حجم موجودہ پوٹینشل کی عکاسی نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ سپورٹس، فارما، لیدر، ڈیری اینڈ لایئو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل اور معدنیات سمیت تمام شعبوں میں تجارت بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔ سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر نے کہا کہ دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے کے لیے وفود کا تبادلہ اور تجارتی نمائشوں کا انعقاد نہایت ضروری ہے۔