(ندیم خالد) لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں نجی ہوسٹل سے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی( یو ایم ٹی) کی طالبہ کی لاش برآمد، پولیس نے لاش قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کے لئے بھجوا دی۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والی روزینہ لاہور میں یو ایم ٹی میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہی تھی اور جوہر ٹاؤن کے نجی ہوسٹل میں رہائش پذیر تھی۔ اس کی روم میٹ گھر سے واپس آئی تو اس نے روزینہ کو مردہ حالت میں پا کر پولیس کو آگاہ کیا۔ پولیس کے مطابق پراسرار طور پر جاں بحق ہونے والی طالبہ کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود نہیں ہیں۔ تھانہ ٹاؤن شپ پولیس نےہوسٹل کے مالک اور ساتھ کمروں میں موجود لڑکیوں کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں۔
پولیس نے جاں بحق ہونےوالی لڑکی کی لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے بھجوا دی ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ پولیس کی جانب سے روزینہ کے لواحقین کو آگاہ کر دیا گیا۔