(سٹی 42)پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی دو نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل شروع، (ن) لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔جنرل نشست پر2،خواتین کی مخصوص نشست پر3 امیدوارمدمقابل ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے دو ارکان ہارون اختر اور سعدیہ عباسی کے نااہل ہونے کے باعث خالی ہونے والی سینیٹ کی دو نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا جو بلاتعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گا، پنجاب اسمبلی سینیٹ کے ضمنی الیکشن کا الیکٹرول کالج ہوگا ۔ 369 ارکان اسمبلی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ سینیٹ کی 2نشتوں کیلئے ووٹنگ خفیہ رائے شماری کی بنیاد پرہورہی ہے، پولنگ کے دوران موبائل فون یا ایسا کوئی آلہ جس سے تصویر بنائی جا سکتی ہو لے جانا منع ہے۔ ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے اسمبلی جاری شدہ کارڈ ووٹر کے پاس ہونا ضروری ہے۔
تحریک انصاف کے امیدوار ولید اقبال اور (ن) لیگ کے سعود کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ خواتین کی مخصوص نشست پر تحریک انصاف کی سیمی ایزدی، تنزیلہ عمران خان اور مسلم لیگ (ن) کی سائرہ افضل تارڑ مدمقابل ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں تحریک انصاف اپنے اتحادیوں کے ساتھ نمبر گیم میں سرفہرست ہے۔ اسے مسلم لیگ (ن) پر 21 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔