سٹی42: اسلام آباد پولیس کے زیر اہتمام فرینڈز آف پولیس انٹرن شپ پروگرام کے تحت شہید ذولفقار علی بھٹو یونیورسٹی آ ف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (SZABIST)کے 25 طلباءنے ٹریننگ پروگرام مکمل کر لیا۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے انٹرن شپ پرگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے آپ کی ٹریننگ مکمل کرنا اور نئے بیج کا آنا ایک اہمیت کا حامل ہے،میرے لئے سب سے اہم اسکول کالجز تک جانا اور بہتر معاشرے کے لئے طلباءکی ذہن سازی کرناتھا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس نے شہریوں کوٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے خصوصی فرینڈآف پولیس انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کررکھا ہے اس سلسلے میں اسلام آبادپولیس کی جانب سے شہید ڈولفقار علی بھٹویونیورسٹی آ ف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (SZABIST)کے 25طلباءپر مشتمل 36ویں بیج نے پروگرام مکمل کر لیا ۔
پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں انٹرنز کے لئے ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب میں اقرایونیورسٹی کے طلباءبھی موجود تھے جو اب اس پروگرام میں حصہ لیں گے۔ایس ایس پی ٹریفک محمد سرفراز ورک ،یونیورسٹی طلباءاور اسلام آباد پولیس ایجوکیشن ٹیم کے ممبران شامل تھے۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اپنے خطاب میں فرینڈز آف پولیس کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے آپ کی ٹریننگ مکمل کرنا اور نئے بیج کا آنا ایک اہمیت کا حامل ہے۔ میرے لئے سب سے اہم اسکول کالجز تک جانا اور بہتر معاشرے کے لئے طلباءکی ذہن سازی کرناتھ۔ پولیس کے لئے عوامی رائے بدلنا انتہائی مشکل عمل ہے،ہم اپنے پراسیس اور سروسز عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں تاکہ عوام کو پتہ چلے پولیس کیا ہے۔
علی ناصر رضوی نے کہا کہ میں بلند و بالا دعوﺅں پر یقین نہیں رکھتا بلکہ عملی طور پر7 /24 کام کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ سپاہی سے لے کر آئی جی تک سب ایک ٹیم کے طور پر کام کررہے ہیں۔ عوام کی خدمت کرنے والے اللہ کی طرف سے منتخب ہوتے ہیں۔ مشکل وقت میں سب سے پہلا ردعمل دینے والا محکمہ پولیس ہے،بدلتے دور کے ساتھ پولیس کوںعصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کررہے ہیں۔ اسلام آباد پولیس 63 شہداءکے خون کی وارث ہے،وردی کسی بھی رنگ کی ہو ہمارا عہد ایک ہی ہے۔ ہم نے آپ سے وہ تعلق بنایا ہے جو دائمی ہے،پولیس کلچر مثبت عناصر پر مشتمل ہے۔ اس سے منفی عنصر کو ختم کرنا ہے۔
آئی جی علی ناصر رضوی نے کہا کہ ہم دوہفتوں کی انٹرن شپ شروع کررہے ہیں جس میں ایک ہفتہ عمومی اور ایک ہفتہ خصوصی تربیت پر مشتمل ہے۔
والنٹیر ان پولیس، فرینڈز آف پولیس کا کردار ایک ہی ہے جس میں جرائم کی بیخ کنی میں عوامی اطلاع سب سے اہم ہے،آئیں ہمارا حصہ بنیں اور مل کر عوامی خدمت کریں ،تقریب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرام کا انعقاد جاری رکھے گی۔