ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے خاتون ڈاکٹر کو ہراساں کرنے والا اوباش موقع پر گرفتار کرا دیا

15 May, 2024 | 09:56 AM

علی ساہی: ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کی بروقت کارروائی، خاتون ڈاکٹر کو ہراساں کرنے والا شخص گرفتار کر لیا گیا ۔

نجی ہسپتال سے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن پر خاتون کو ہراساں کرنے کی کال موصول ہوئی تو فوری پولیس کو موقع پر بھجوایا گیا ۔

خاتون ڈاکٹر تھانے کے چکروں میں پڑنے سے گریزاں تھی انھوں نے ہسپتال میں ہی پولیس سے تمام قانونی کارروائی مکمل کروائی ،خاتون ڈاکٹر سے درخواست موصول کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیاگیا۔خاتون ڈاکٹر نے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کے تعاون کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ  ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن ہراسمنٹ، گھریلو تشدد، زبردستی شادی، تیزاب گردی سمیت خواتین کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے مصروفِ عمل ہے۔خواتین کسی بھی ایمرجنسی میں 15 پر کال کر کے 2 دبا کر ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے رابطہ کر سکتی ہیں۔

ترجمان سیف سٹیز کے مطابق خواتین ویمن سیفٹی ایپ لائیو چیٹ اور ویڈیو کال فیچر کے ذریعے بھی ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے رابطہ کر سکتی ہیں۔

 
 
 
 

مزیدخبریں