ویب ڈیسک: کوہاٹ کے علاقے درہ آدم خیل میں سنی خیل قوم اور زرغون خیل قوم کے مابین حدبراری کے تنازعہ پر فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے دو افراد دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ سے ابھی تک دونوں قبیلوں کے 16 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، زخمیوں اور لاشوں کو مقامی اور پشاور کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے میں پہنچ کر فائرنگ رکوا دی ہے، پولیس تھانہ درہ آدم خیل کی جانب سے واقعے کی ایف آئی آر درج کی جارہی ہے۔ پولیس ترجمان کی جانب سے 16 افراد کے جان بحق اور تین زخمیوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سنی خیل اور زرغون خیل اقوام کے مابین کوئلے کی کان کی حد برداری کا تنازعہ کافی عرصے سے چل رہا تھا۔ دونوں اقوام کے مابین جرگے بھی ہو رہے تھے۔ تنازعہ کوئلے کی کان کی حد براری پر شدت اختیار کر گیا۔