فواد چودھری کی گرفتاری، عدالت نے آئی جی اسلام آباد ،ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو نوٹس جاری کردیا

15 May, 2023 | 03:31 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: عدالتی حکم کے باوجود پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست  پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران فواد چودھری کے  وکیل فیصل چودھری نے عدالت کو بتایا کہ اس عدالت نے فواد چودھری کو گرفتار کرنے سے روکا تھا، اس کے باوجود اسلام آباد پولیس نے فواد چودھری کو گرفتار کر لیا۔

وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پولیس کو بتایا لیکن انہوں نے عدالتی حکم کو نہیں مانا۔

سماعت میں چیف جسٹس عامر فاروق کے حکم نامے کی کاپی عدالت کے سامنے پیش کی گئی۔ وکیل نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کورٹ میں تھے ان کی موجودگی میں یہ آرڈر ہوا تھا، عدالت نے آئی جی کو حکم دیا تھا کہ وہ فواد چودھری کو گرفتار نہیں کریں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چودھری کو کل عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔اس حوالے سے عدالت نے آئی جی اسلام آباد اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو کل کے لئے نوٹس جاری کردیے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے حکم دیا گیا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ریکارڈ کے ساتھ عدالت کے سامنے پیش ہو۔

مزیدخبریں