عمران خان ’’مجھے کیوں نہیں بچایا‘‘ تحریک چلارہا ہے: بلاول بھٹو

15 May, 2022 | 09:44 PM

Muhammad Zeeshan

ویب ڈیسک: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان چاہتے تھے، ہر ادارہ ٹائیگر فورس بن کر کام کرے ، اب وہ مجھے کیوں نہیں بچایا تحریک چلارہے ہیں۔

کراچی ائیرپورٹ پر خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نےکہا  تبدیلی کے نام پر عمران خان نے عام آدمی کا جینا محال کردیا، اُس نے ہر ادارے پر حملہ کیااور میڈیا کو خاموش کرایا۔ عمران خان نے جہاں ہاتھ رکھا ،وہاں بحران کھڑا کردیا۔

انہوں نے کہاکہ یہ تبدیلی اصل تبدیلی ہے، یہ تبدیلی راتوں رات نہیں ہوئی، 3،4 سال جیالوں نے جدوجہد کی۔

 پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ  وائٹ ہاؤس نےنہیں،بلاول ہاؤس نے عمران خان کے خلاف سازش کی،نالائق کو گھر بھیجنا جیالوں کی ، پارلیمنٹ اور آئین کی کامیابی ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ نالائق وزیراعظم کو گھر بھیجنا چاروں صوبوں کی جیت ہے،یہ بیرونی سازش نہیں، جمہوری عمل تھا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان چاہتا ہے کہ غیر جمہوری قدم اٹھایا جائے اور اسے بچایا جائے، وہ عدم اعتماد سے بھاگتے بھاگتے ہماری معیشت کو تباہ کر کے چلا گیا ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ بزدل پارلیمنٹ میں آکر کھڑا بھی نہیں ہوتا تھا، یہ چاہتا ہے معاشی بحران پیدا کیا جائے،عمران نے پاکستان کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ یہ اپنی کرسی بچانے کے ملک کو ہر سطح پر نقصان پہنچانے کے لئے سب کچھ کرنے کے لئے تیار ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ اپنی انا کی خاطر ملک کو تنہا کیا، خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا ، اپنے آپ کو وزیراعظم دیکھنے کے لئے معیشت کو نقصان پہنچایا۔

 پی پی چیئرمین نے عمران خان کو’بحران خان‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو معاشی تباہی عمران خان کر کے گیا ہے، اسے ٹھیک کرنے کے لئے بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ جاتے جاتے بھی اس شخص نے نقصان کیا ہے،خان صاحب نے عدم اعتماد سے بھاگتے بھاگتے ہمارے آئین پر حملہ کیا، یہ کس طرح کا وزیراعظم تھا، جس نے اپنے دور میں خزانہ خالی چھوڑا ہے، معاشی بحران چھوڑا ہے تاکہ عوام کو تکلیف ہو۔

مزیدخبریں