پولیس کے چھاپے، متعدد پنجاب اسمبلی آفیسرز کی گرفتاریاں

15 May, 2022 | 03:09 PM

ویب ڈیسک: پنجاب پولیس نے صوبائی اسمبلی کے متعدد آفیسرز کو چھاپے مار کر گرفتار کر لیا۔

ترجمان اسپیکر پنجاب اسمبلی کے مطابق پولیس کی جانب سے کچھ اسمبلی آفیسرز کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کے گھر کے باہر اچانک پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق پولیس اہلکار جی او آر میں محمد خان بھٹی کی رہائش گاہ پر تعینات کر دیئے گئے ہیں تاہم محمد خان بھٹی جی او آر میں اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں ہیں اور سیکرٹری اسمبلی کے ساتھ تعینات 2 سیکیورٹی آفیسرز کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

سیکرٹری اسمبلی کے ساتھ تعینات ریسرچ آفیسر شہباز احمد کو حراست میں لیا گیا ہے جو گریڈ 17 کے پنجاب اسمبلی کے آفیسر ہے۔ترجمان اسپیکر پنجاب اسمبلی کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پرسنل اسٹاف آفیسر حمزہ کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا ہے۔

واضح رہے کہ سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کو پہلے بھی 3 ایم پی او کے تحت حراست میں لینے کی کوشش کی گئی تھی۔

مزیدخبریں