ویب ڈیسک:مسلم لیگ ن نے موجودہ صورتحال میں سخت معاشی فیصلے اکیلے کرنے سے انکار کر دیا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہناتھا کہ حکومت معیشت بحال کرنے کے لیے سخت اقدامات پر تیار ہے مگر اس کی ایک سیاسی قیمت بھی ہے، وہ سیاسی قیمت ن لیگ اکیلے ادا کرنے کو تیار نہیں ہے، اگر یہ قیمت تمام اتحادی مل کر ادا کریں گے تو ہم تیار ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے پیٹرول سبسڈی ختم کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، سبسڈی ختم کی تو مہنگائی بڑھے گی، یہ فیصلہ اتحادی مل کر کریں گے۔
رہنما پیپلز پارٹی نیئر بخاری نے رانا ثنااللہ سے اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی فیصلے ہوں گے اتفاق رائے اور مل بیٹھ کر ہی ہوں گے، موجودہ صورتحال میں کوئی بھی پارٹی خود فیصلہ نہیں کر سکتی۔