مانیٹرنگ ڈیسک: یہ بات کافی مشہور ہے کہ پرانے دور میں سونے چاندی کے زیورات کو محفوظ بنانے کیلئے کوئی خاص سیکورٹی کا نظام موجود نہ تھا۔ اپنے قیمتی ہیرے، زیورات کو بڑے نقصان سے بچانے کیلئے اس وقت کے لوگ ان زیورات کو زمین میں دفن کردیا کرتے تھے۔
بھارت کی ریاست مہاشٹرا کے ضلع وردھا میں بھی ایک ایسا ہی واقع پیش آیا ہے جہاں پرانے گھر کی کھدائی کے دوران وہاں کام کرنے والے مزدوروں کو مغلیہ دور کا قیمتی خزانہ مل گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع وردھا کے ایک گاؤں میں پرانے گھر کی تعمیر نو جاری تھی، کھدائی کے دوران جب مزدور ملبہ پھینکنے گئے تو انہیں ایک ڈبہ ملا۔ مزدور ڈبے کو دیکھ پر پہلے تو حیران ہوا لیکن جب بعد میں اسے کھولا گیا تو اس میں سونا موجود تھا جس کا وزن تقریبا 450 گرام ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس ڈبے میں 9 قسم کے مختلف زیورات، سونے کا بسکٹ اور اشرفی برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس انسپیکٹر رویندر گائیکواڑ کا کہنا تھا کہ بر آمد سونے کا وزن تقریبا 428 گرام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسان نے مزدور سے یہ ڈبہ لے لیا تھا، اسی وجہ سے مزدوروں نے سونا برآمد ہونے کی اطلاع مقامی پولیس اسٹیشن کو دی۔ پولیس انسپکٹر کے مطابق ہم نے زیورات کو تحویل میں سرکاری تحویل میں لے کر قومی ادارہ برائے عجائب گھر کے حوالے کردیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس اٹلی میں بھی ایک پرانے تھیٹر کی کھدائی کے دوران لاکھوں یوروز کی مالیت کا خزانہ دریافت ہوا تھا۔ تھیٹر کی کھدائی کے دوران مٹی کے ایک برتن سے پانچویں صدی کے چمکتے ہوئے سونے کے خالص سکے برآمد ہوئے تھے۔ بعد ازاں ان خالص سونے کے نایاب سکوں کو اٹلی کی حکومت نے میوزیم کا حصہ بنانے کا اعلان کیاتھا۔