آؤٹ ڈور میں علاج معالجے کی سہولیات بحال نہ ہوسکیں

15 May, 2020 | 11:40 PM

Malik Sultan Awan

(زاہد چوہدری) کورونا وائرس کے سبب2 ماہ سے معطل معمول کا علاج معالجہ بحال نہ ہوسکا،  ٹیچنگ ہسپتالوں کے بیشتر آؤٹ ڈورزحفاظتی کٹس کی عدم دستیابی اور ڈاکٹرز نہ ہونے کے سبب تاحال نہ کھولے جاسکے۔

کورونا لاک ڈاون میں نرمی کے باوجود ٹیچنگ ہسپتالوں کو معمول کے علاج کیلئے مکمل فعال نہیں کیا جاسکا۔ کورونا کے علاج پر تمام تر توجہ مرکوز کئے ہوئے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نےاو پی ڈیز اور ان ڈورزکو فعال کرنے کیلئےکوئی ٹھوس پیش رفت نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق ٹیچنگ ہسپتالوں میں حفاظتی اقدامات کے فقدان کی وجہ سے معمول کے مریضوں کیلئے علاج کی سہولت مکمل فعال نہیں ہوسکی ،معمول کے علاج کیلئے نظام کوصرف 25 سے 30 فیصد تک ہی فعال بنایا جاسکا ہے۔

دوسری جانب  مہلک وبا سے اموات اور مریضوں میں اضافہ،24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا کے مزید 6 مریض انتقال کر گئے، 62 روز میں 88 شہری جاں بحق ہوچکے ہیں، 168 نئے پازیٹو کیسز سے مریضوں کی تعداد 6ہزار 808 ہو گئی،  پنجاب میں مجموعی طور پر پازیٹو کیسز 13ہزار 914 ، 234 اموات کی تصدیق ہوئی ہے، اب تک 4 ہزار 720 کورونا وائرس کےمریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

 ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 356 نئے کیسز رپورٹ ہونے سےمصدقہ مریضوں کی تعداد 13914 ہو گئی۔ شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 168 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ کورونا وائرس سے اب تک 234 اموات جبکہ 4720 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اب تک 151،247 کوروناٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ 

محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیرنےعوام سے گزارش ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔

مزیدخبریں