پنجاب یونیورسٹی نے امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا

15 May, 2020 | 10:08 PM

Malik Sultan Awan

(اکمل سومرو)  پنجاب یونیورسٹی کے تحت رجسٹرڈ طلبہ ہوشیار ہو جائیں، پنجاب یونیورسٹی نےگریجوایشن اورماسٹرزکی سطح پرامتحانات کاشیڈول جاری کردیا، یونیورسٹی نے گریجویشن اور ماسٹرز ڈگری کے امتحانات 22 جولائی سے شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
پنجاب یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات محمد راؤف نواز کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق بی اے، بی ایس سی پارٹ ٹو کے امتحانات 22 جولائی سے شروع ہوں گے، ایم اے، ایم ایس سی، بی کام پارٹ ٹو کے امتحانات کا آغاز 7ستمبرسے ہوگا۔پارٹ ٹو کا امتحان دینے والے امیدوار دونوں روایتی اور ایم سی کیو بیسڈ آن لائن امتحان دینے کی تیاری کریں۔

15 جولائی کے بعد حکومت کی جانب سے یونیورسٹیوں کو کھولنے کا فیصلہ ہوا تو مندرجہ بالا پارٹ ٹو کے امتحانات روایتی انداز میں لئے جائیں گے۔ تاہم اگر حکومت کی جانب سے 15 جولائی کے بعد یونیورسٹی بند رہی تو پارٹ ٹو کے امتحان آن لائن ایم سی کیو بیسڈ لئے جائیں گے۔

بی اے ،بی ایس سی، ایسوسی ایٹ ڈگری ان آرٹس اینڈ سائنس پارٹ ون کے سالانہ امتحانات یکم اکتوبر سے ہوں گے جبکہ ایم اے، ایم ایس سی، بی کام، ایسوسی ایٹ ڈگری ان کامرس پارٹ ون کے امتحانات 2 نومبر سے شروع ہوں گے۔ ترجمان خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ پارٹ ون کے امتحانات روایتی انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،تاہم یہ کورونا کے باعث پیدا شدہ صورتحال بہتر ہونے اور حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔

مزیدخبریں