لاہور میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیز، 6808 افراد متاثر، 88 جاں بحق

15 May, 2020 | 09:57 PM

Malik Sultan Awan
Read more!

(زاہد چوہدری) مہلک وبا سے اموات اور مریضوں میں اضافہ،24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا کے مزید 6 مریض انتقال کر گئے، 62 روز میں 88 شہری جاں بحق ہوچکے ہیں، 168 نئے پازیٹو کیسز سے مریضوں کی تعداد 6ہزار 808 ہو گئی،  پنجاب میں مجموعی طور پر پازیٹو کیسز 13ہزار 914 ، 234 اموات کی تصدیق ہوئی ہے، اب تک 4 ہزار 720 کورونا وائرس کےمریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

 ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 356 نئے کیسز رپورٹ ہونے سےمصدقہ مریضوں کی تعداد 13914 ہو گئی۔ شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 168 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ کورونا وائرس سے اب تک 234 اموات جبکہ 4720 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اب تک 151،247 کوروناٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیرنےعوام سے گزارش ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔
کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فورا 1033 پر رابطہ کریں۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کیسز  اور اموات میں  اضافے کے باعث لاہور میں لاک ڈاؤن سخت کردیا، شہر  میں آج سے تین روز کیلئے مکمل لاک ڈاؤن رہے گا، تمام بڑی مارکیٹیں، دکانیں اور نجی دفاتر بند رہیں گے، گراسری، جنرل سٹور، کریانہ سٹور، بیکری، آٹا چکی اور ملک شاپ شام  5 بجے تک کھلیں گی۔ 

چکن شاپ، سبزیوں اور پھلوں کی دکانیں، تندور اور آٹو ورکشاپ مقررہ شیڈول کے مطابق کھلے رہیں گے، جبکہ ٹائر پنکچر، سپیئرپارٹس شاپ، پیٹرول پمپس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے تاہم ڈبل سواری سمیت ہر قسم کی ٹرانسپورٹ پر مکمل پابندی ہوگی۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو  پنجاب  حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں ہفتے کے چار دن پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو دکانیں اور عام بازار کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ ہفتے کے تین روز مکمل لاک ڈاؤن کا کہا گیا تھا۔

مزیدخبریں