حکومت کا انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ

15 May, 2020 | 04:01 PM

Sughra Afzal
Read more!

(سعید احمد) حکومت کا انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ، انٹرنیشنل پروازیں 31 مئی رات 11 بجکر 59 منٹ تک بند رہیں گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر انٹر نیشنل فلائٹس کی بندش میں مزید 16 دن کی توسیع کردی، سی اے اے کے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ نوٹم جاری کردیا، نوٹم کے مطابق انٹرنیشنل پروازیں 31 مئی رات 11 بجکر 59 منٹ تک بند رہیں گی،  اس بندش کا اطلاق حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی خصوصی پروازوں پر نہیں ہوگا، جبکہ چارٹرڈ طیاروں، کارگو فلائٹس کو بھی پابندی کے فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

دوسری جانب پی آئی اے نے یورپ اور سعودی عرب سے مزید پروازیں آپریٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا، اسلام آباد سے بارسلونا کے لیے پرواز 17 مئی، لاہور سے فرینکفرٹ کے لیے پرواز 19 مئی اوراسلام آباد سے میلان کے لیے پرواز 22 مئی کو روانہ ہو گی۔

سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے لئے پروازوں کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا، 14 مئی کو ریاض سے 250 ہم وطنوں کو لیکر کوخصوصی پرواز لاہور کے لیے روانہ ہوگی، 16 مئی کو پی آئی اے کی پرواز مدینہ منورہ سے250 مسافروں کو لیکرکراچی پہنچے گی۔

جدہ سے پی آئی اے کی پرواز 18 مئی کو 250 پاکستانیوں کو لیکر فیصل آباد کیلئے روانہ ہو گی، 21 مئی کو دمام سے اسلام آباد کے لیے خصوصی پرواز آپریٹ ہوگی، نارملائزیشن کمیٹی جلد ضلعی کمیٹیوں کا اعلان کرے گی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کے بعد اب پاکستان میں بھی اپنے وار تیز کر دیئے ہیں، ملک میں کورونا وائرس سے مزید 32 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 802 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 37160 تک جاپہنچی، اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 9695  افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

مزیدخبریں