پنجاب حکومت کا 20 بڑی مارکیٹوں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ

15 May, 2020 | 04:47 PM

Sughra Afzal

(قذافی بٹ) پنجاب حکومت کا  20 بڑی مارکیٹوں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ، پیر کے روز سے جو مارکیٹ ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کرے گی، اسے فوری بند کرایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تمام بڑی مارکیٹوں کی سخت مانیٹرنگ کے احکامات جاری کردیئے، بڑی تاجرتنظیموں اور دکانداروں کو ایس او پیز پر سختی سےعملدرآمد کرانے کے حوالے سے دوبارہ آگاہ کردیا گیا، سب سے پہلے 20 بڑی مارکیٹوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی، جن میں شاہ عالم مارکیٹ، ہال روڈ، مال روڈ، اعظم کلاتھ مارکیٹ، اچھرہ بازار، انار کلی بازار اوراس سے ملحقہ مارکیٹیں شامل ہیں۔

 رنگ محل، کشمیری بازار، دہلی دروازہ، شو مارکیٹ، باغبانپور بازار، چاہ میراں بازار، دھرم پورہ بازار اور ٹاؤن شپ مارکیٹ میں بھی سخت مانیٹرنگ اور خلاف وزری پر مارکیٹ بند کرا دی جائے گی، لاہور کے پوش علاقوں میں موجود برانڈز شاپس کی بھی سخت مانیٹرنگ ہو گی جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن پر بھی سختی سےعمل کرایا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار نے محکمہ داخلہ کو عید کے دنوں میں شہریوں کوگھروں تک محدود رکھنے کے لیے سفارشات تیار  کرنے کی ہدایت کردی، ذرائع کا کہنا ہے کہ چاند رات پر مارکیٹیں رات گئے تک کھولنے کی اجازات نہ ہو گی، جبکہ تقریخی مقامات بدستور بند رہیں گے، بڑے شاپنگ مالز اور دیگر مارکیٹیں بھی بند رکھی جائیں گی، عید اجتماعات کے لیے کھلےمیدان میں ایس او پیز کے ساتھ اجازت دی جائے گی، تاہم محکمہ داخلہ کی سفارشات پرحتمی فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مشاورت سے کریں گے۔

علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے پیر سے شاپنگ مالز اور آٹو موبائل انڈسٹری کو کھولنے کی اجازت دے دی ہے، شاپنگ مالز ہفتے میں چار دن کھولے جائیں گے ان کے اوقات کار کا بھی تعین کردیا گیا ہے، شاپنگ مالز میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا، تھرمل گن سے چیکنگ، ہینڈ سینٹی ٹائز، ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں