’’ پاکستانیوں سےبھیڑ بکریوں جیسا سلوک بند کیا جائے‘‘

15 May, 2020 | 01:19 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف  ایک بار پھر حکومت پر برس پڑے،  کہتے ہیں کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے ساتھ بھیڑ بکریوں جیسا سلوک فوری طور پر بند کیا جائے۔


مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کا بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے ساتھ رویہ انتہائی قابل مذمت، قابل افسوس اور شرمناک ہے۔ پاکستانی سفارتخانوں پر لمبی قطاریں حکمرانوں کی بےحسی اورپاکستانیوں کی بے بسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہر مرحلے پر ملک کی مدد کرنے والے پاکستانیوں کو سفاک حالات کے رحم و کرم پرنہیں چھوڑ سکتے۔

انھوں نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی فوری وطن واپسی کے لیے اضافی اور خصوصی پروازیں چلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جہاز چارٹر کریں لیکن عیدالفطر سے قبل بیرون ملک پھنسے تمام پاکستانیوں کی وطن واپسی یقینی بنائی جائے۔ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے ساتھ بھیڑ بکریوں جیسا سلوک بند کیا جائے، مریض، بزرگ، طلباء اور فیملیز سمیت دیگر پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، وزیر خارجہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو احساس ہوتا تو اب تک یہ آپریشن مکمل ہو جاتا۔ حکومت کی توجہ عوام کی مشکلات حل کرنے کے بجائے تقریروں،تسلیوں اور اپوزیشن کو فتح کرنے پر ہے۔

شہبازشریف نے وزیراعظم سے پوچھا کہ عمران خان کی بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے کمٹمنٹ اب کہاں ہے؟ حکومت کو یہ احساس بھی نہیں کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے پاس وسائل بھی ختم ہو چکے ہیں۔  وزیراعظم آفس، وزارت خارجہ اور ایک چہیتے وزیر کی پرچی پر وطن واپسی کی شرط بنا دینے کی شکایت تشوشناک ہے، پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے پرچی سسٹم ختم کر کے فوری جامع حکمت عملی بنائی جائے۔

مزیدخبریں