ریحان گل :صوبائی بیت المال کونسل مستحقین کوفنڈز کی فراہمی میں رکاوٹ بن گئی، بیت المال کونسل نےاضلاع کے حصے کےکروڑوں روپے فنڈز خود ساختہ روک لیے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی بیت المال کونسل کو 7 کروڑ روپے کے فنڈز رواں مالی سال میں جاری کیےگئے تاکہ مستحقین کی مالی مدد کی جا سکےلیکن صوبائی کونسل نے54 فیصد فنڈزروک لیےہیں،ذرائع کے مطابق 4 فیصد فنڈز انتظامی اخراجات اور10 فیصد فنڈز امین بیت المال ملک اعظم نےصوابدیدی فنڈز کے طورپراپنے پاس رکھ لیےہیں۔
بقیہ 40 فیصد فنڈزبغیر کسی وجہ کے روکے گئےہیں جس کے باعث لاہور سمیت پنجاب کی 39 ضلعی بیت المال کونسلز کو یہ2کروڑ 70 لاکھ روپے کے فنڈز نہیں دئیےجاسکے،رولز کےمطابق صوبائی بیت المال کونسل کوملنے والے فنڈز میں سے20 فیصد تمام ضلعی کونسلزکو مساوی تقسیم کیے جاتے ہیں جبکہ باقی فنڈزآبادی کے تناسب سےضلعی کونسلز کودئیے جاتےہیں۔صوبائی کونسل کی جانب سےفنڈز روکے جانے کے باعث لاہورسمیت دیگر ضلعی کونسلز میں ہزاروں مستحقین امداد سے محروم ہوگئے ہیں۔
یاد رہے حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث غریب اور مستحق افراد کو احساس پروگرام کے تحت 144ارب روپے کا امداد ی پیکج دے رکھا ہے جو لاکھوں خاندانوں میں تقسیم کیے جارہے ہیں، پنجاب حکومت نے بھی امدادی پیکج کے تحت رقوم کی تقسیم شروع کردی ہے۔
خیال رہے کہ
ملک میں کورونا وائرس سے مزید 32 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 802 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 37160 تک جاپہنچی ہے، کل ٹیسٹ 330750 کیے گئے ہیں، جبکہ صحتیاب مریضوں کی تعداد 9695 ہوگئی۔محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہورمیں کورونا کے چوبیس گھنٹوں کے دوران 178 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد شہر میں مریضوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 640 ہوگئی، پنجاب میں 61 ویں روز کورونا کے336 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار561 ہو گئی۔