لوئر مال (عرفان ملک، قیصرکھوکھر) آج سے شہر بھر میں مکمل اور سخت لاک ڈاؤن ، مارکیٹس، بازار، دکانیں بند جبکہ ہر قسم کی غیر ضروری نقل و حرکت پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کی 100 فیصد پاسداری کروائی جائے گی، پنجاب حکومت کے ایس او پیز کے مطابق آج سے شہر بھر میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا، مارکیٹس، بازار، دکانیں بند جبکہ ہر قسم کی نقل و حرکت پر بھی مکمل پابندی ہوگی، تمام پرائیویٹ دفاتر بھی بند رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈبل سواری سمیت ہر قسم کی ٹرانسپورٹ پر مکمل پابندی ہوگی، شہر بھر میں لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کیلئے جگہ جگہ ناکہ بندی کی جائے گی، غیر ضروری گھروں سے نکلنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پریشانی سے بچنے کیلئے گھروں میں محفوظ رہیں، سربراہ لاہور پولیس نے پولیس افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نماز جمعہ کے دوران حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جائے، مساجد اور عبادت گاہوں کے اندر اور باہر سماجی فاصلے کے پالیسی کو یقینی بنایا جائے، جمعہ کے نماز کے وقت مساجد اور عبادت گاہوں کے ارد گرد ڈولفن اور پیرو فورس کی گشت میں اضافہ کیا جائے۔
محکمہ داخلہ حکام کے مطابق جمعہ ،ہفتہ اوراتوار کو لاک ڈاؤن میں سختی کی جائے گی،لاک ڈاؤن پر تاجرتنظیموں سے زبردستی عملدرآمد کرایا جائے گا، جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب حکام نے وفاق سے لاک ڈاؤن کی پالیسی پرتبادلہ خیال بھی کیا۔
واضح رہے کہ باغوں کے شہر میں کورونا وائرس تیزی کے حملوں میں تیزی آگئی، لاہور میں کورونا سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 82 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6640 تک جاپہنچی ہے، اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 1553 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔