تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

15 May, 2019 | 01:08 PM

Sughra Afzal

(سٹی) لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سےزائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم کی  درخواست ضمانت منظور  کرلی۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، بنچ کے سربراہ جسٹس علی باقر نجفی نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیاکہ ملزم کب سے کس ریمانڈ پر جیل میں ہے؟ نیب پراسیکیوٹر نے بتایاکہ ملزم علیم خان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے۔

نیب پراسیکوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ علیم خان نے زمین کی قیمت کم بتائی، جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ یہ سب کچھ تو علیم خان نے گوشواروں میں لکھ کر دیا یہ بتائیں ان کے سورس کیا تھے، بیرون ملک سے کتنے اور دیگراکاؤنٹس سے کتنے پیسے آئے؟علیم خان کےاکاؤنٹنٹ نےبیان دیا کہ پیسے ہنڈی کےذریعےبیرون ملک بھیجےگئے۔

علیم خان کے وکیل نے کہاکہ اس کا کلائنٹ کبھی ملزم اور مفرور نہیں رہا، اس پر نیب کی جانب سے لگائے تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور نیب ابھی تک الزامات ثابت کرنے میں ناکام ہے۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے عبدالعلیم خان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک ایک کروڑ کے 2 ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیدیا۔

واضح رہے کہ 6 فروری کو  نیب لاہور نےتحریک انصاف کے  رہنما عبدالعلیم خان کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد علیم خان  نے  سینئر وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مزیدخبریں