(سالک نواز) خواجہ سراء سول سوسائٹی کا کہنا ہے کہ حکومت کا خواجہ سراؤں کے وجود کو تسلیم کرنا ہماری بڑی کامیابی ہے اور اب خواجہ سراء الیکشن بھی لڑیں گے ۔
لاہور پریس کلب میں خواجہ سراء ویلفیئر سوسائٹی اور خواجہ سرا ء ویلفیئر بورڈ کے ممبران نایاب علی، شہزادی رائے،سونیا خان، مون علی، زارا چنگیزی، زہرش خان سمیت دیگر خواجہ سراؤں نے پریس کانفرنس کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیلی رانا نے کہا کہ حکومت کا خواجہ سراؤں کے وجود کو تسلیم کرنا ہماری بڑی کامیابی ہے۔
خواجہ سرا ء نایاب نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خواجہ سراؤں کیلئے بھی اسمبلیوں میں کوٹہ مختص کیا جائے تاکہ وہ اپنے لوگوں کے مسائل حل کرسکیں۔خواجہ سراؤں کے اس بیان کے بعد ملک میں نئی بحث چھڑ گئی۔
انہوں نے کہا کہ میں الیکشن میں بطور آزاد امیدوار حصہ لے رہی ہوں جبکہ اسمبلی سے منظور ہونے والے بل کے تحت خواجہ سراؤں کو جائیداد میں بھی برابر کا حصہ ملے گا۔