زاہد چوہدری:میو ہسپتال میں انجکشن سیفٹریکزون کے استعمال کے دوران ہونے والی سنگین بے ضابطگیوں پر پردہ ڈالنے کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے 40 لاکھ سیفٹریکزون انجکشن خریدے تاہم ان کے ساتھ پانی کی شیشی 10 ملی لیٹر کی بجائے صرف 5 ملی لیٹر کی خریدی گئی۔
ذرائع کے مطابق انجکشن سیفٹریکزون کے ساتھ جراثیم سے پاک پانی سٹینڈرڈ کے مطابق نہیں خریدا گیا تھا۔ اس معاملے کی تحقیق میں مزید انکشاف ہوا کہ کم مقدار میں پانی کی خریداری سے دوا ساز ادارے کو کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا۔
انجکشن سیفٹریکزون کے ساتھ 5 ملی لیٹر پانی کی خریداری کی اجازت دینے والے افراد کی نشاندہی نہیں کی گئی اور یہ معاملہ دبا دیا گیا۔ پانی کی شیشی مطلوبہ معیار کی حامل نہ ہونے کی وجہ سے انجکشن کے استعمال سے ہونے والے اثرات خطرناک ثابت ہوئے۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے تحقیقات روک کر اصل ذمہ داران کو بچا لیا ہے۔