ویب ڈیسک: پاکستانی معروف اداکارہ و ماڈل ہانیہ عامر نے اپنے ہندو مداحوں کو بندی لگا کر ان کے مذہبی تہوار ’ہولی‘ کی مبارک باد دی ہے۔
ہانیہ عامر نے ’ہولی‘ کے موقع پر اپنے ہندو مداحوں کو مبارک باد دینے کے لیے منفرد انداز اپناتے ہوئے ماتھے پر بندی لگاتے ہوئے انسٹاگرام پر اپنی متعدد تصویریں اپلوڈ کی ہیں، جن میں ہانیہ عامر کو بندی لگائے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ نے اپنی اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ایک عقل مند آدمی نے ایک بار حقائق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی برائی نہ سنو، کوئی برائی نہ دیکھو اس لیے میں برا نہیں بولتی، ’ہولی‘ کا جشن منانے والوں کو مبارک ہو۔
اداکارہ کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین ہانیہ عامر کے بندی لگانے پر اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ہندوؤں کے کلچر میں گھس رہی ہیں، اِن سے پوچھو کہ آخری بار نماز کب پڑھی تھی؟ جبکہ صارف نے کہا کہ ہانیہ جان بوجھ کر کوئی نہ کوئی شوشہ چھوڑتی رہتی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کمنٹس آئیں اور انہیں reach ملے۔ایک اور صارف نے کمنٹس سیکشن میں لکھا کہ بِندی کا تعلق کسی مخصوص مذہب سے نہیں ہے، جیسے قمیض شلوار صرف مسلمانوں کا لباس نہیں ہے، ایک دوسرے کے تہواروں میں شرکت سے ہی دوریاں مٹ سکتی ہیں۔
ہانیہ عامر کو اس پوسٹ پر ناصرف تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ کچھ انٹرنیٹ صارفین اداکارہ کو ان فالو کرنے کا بھی کہہ رہے ہیں۔