سٹی42: پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کاشتکاروں کے لیے کسان کارڈ کے اجرا کی تجویز پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا۔ مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ گندم کے کاشتکاروں کی معاونت کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔
لاہور میں گندم کی کاشت اور سبسڈی سے متعلق مسائل پر ایک اہم اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا منشور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود ہے۔حکومت پنجاب کاشتکاروں بھائیوں کے ساتھ ہے، تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو عام آدمی کے مسائل کا بھی احساس ہے، سستا آٹا دینا چاہتے ہیں۔
مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گندم پر سبسڈی سے ماضی میں حکومت کو 630 ارب روپے گردشی قرض کا بوجھ اٹھانا پڑا۔ گردشی قرضے پر سالانہ 80 ارب روپے مارک اپ ادا کرنا پڑا ۔ حکومت پنجاب نے 8 ماہ میں 469 ارب روپے گزشتہ حکومت کا چھوڑا ہوا قرض ادا کیا ہے۔
اجلاس میں سوشل پروٹیکشن اور ٹارگیٹڈ سبسڈی کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔
کاشتکاروں کو کھاد اور زرعی ادویات کی بلاتعطل فراہمی اور زرعی اجناس کی پیداور میں اضافے پر غوروخوض کیا گیا۔
صوبائی وزرا بلال یسین، عظمی زاہد بخاری۔ عاشق کرمانی،صوبائی مشیر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی،ایس ایم بی آر،سیکرٹریز خوراک، زراعت، خزانہ، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ حکام کاجلاس مین شریک ہوئے۔