لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیاں، متعدد واردات میں ملوث ملزمان گرفتار

15 Mar, 2024 | 07:12 PM

سٹی 42 : لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین مقابلوں میں متعدد واردات میں ملوث ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا۔ 
انویسٹی گیشن پولیس ہربنس پورہ نے کارروائی کرتے ہوئے شہری کے گھر سے 40لاکھ روپے نقدی چوری کرنے والے ملزموں کو گرفتار کرلیا، ملزم سے 40لاکھ نقدی برآمد کرلی گئی ۔ انچارج انویسٹی گیشن پولیس ہربنس پورہ محمد آصف نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کر کے نقب زن گروہ کے خواتین سمیت 6ملزمان کو بہاولپور سےگرفتار کیا۔ جس کے بعد ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کردیا۔
ڈیفنس بی میں شہری کے گھر گھسنے والے ڈاکوؤں سے پولیس کا مبینہ مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا، جبکہ پولیس نے دو  ڈاکو گرفتار کر لئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت حنیف کے نام سے ہوئی۔ ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں۔
کاہنہ میں منشیات فروشوں کے تشدد سے پولیس کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق سب انسپکٹر شاہد کی قیادت میں منشیات فروش کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔دوران ریڈ ملزم آفاق اور اس کے ساتھیوں نے پولیس پر تشدد کیا۔ تشدد کے باعث کانسٹیبل سلمان کا سر پھٹ گیا۔ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ 

پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔

مزیدخبریں