وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مریضوں کی ایمرجنسی منتقلی کے لئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کردیا

15 Mar, 2024 | 09:46 AM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مریضوں کی ایمرجنسی منتقلی کے لئے اپنا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے لوگ بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے ہی زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔دور دراز علاقو ں میں حادثے کی صورت میں متاثرین کو بروقت ہسپتال پہنچانا ناگزیر ہے۔سرگودھا ہسپتال میں ہارٹ ٹیک کے مریض کو بے بس دیکھ کر دلی دکھ ہوا۔ موٹروے پر بھی ریسکیو 1122سروس شروع کی جائے گی۔

 اس حوالے سے پنجاب حکومت نے ائیر ایمبولینس کے لیے ایک ہیلی کاپٹر اور دو ہوائی جہاز خریدنےکا فیصلہ بھی کیا ہے،ائیر ایمبولینس کی خریداری کےلیے ورکنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
کمیٹی میں صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر ،ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر، سیکریٹری فنانس شامل ہونگے۔
 وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں بہت جلد ائیر ایمبولینس سروس کاآغاز بھی کردیاجائے گا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ایئرایمبولینس پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیرپرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری،چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری فنانس، ڈاکٹر عدنان، سیکرٹری ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔

 یاد رہے کہ مریم نواز نے وزیر اعلیٰ بنتے ہی پنجاب اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں پنجاب ائیر ایمبولینس کی فراہمی کا اعلان کیا تھا ۔ساتھ ہی صحت،تعلیم کے شعبوں میں بڑے منصوبے شروع کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔

مزیدخبریں