ہوائی فائرنگ کی ویڈیو وائرل کرنا نوجوان کو مہنگا پڑگیا

15 Mar, 2020 | 07:13 PM

( عابد چوہدری ) صوبائی دارالحکومت میں ہوائی فائرنگ کے واقعات تھم نہ سکے، ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش، قانوناً جرم ہے اس کے باوجود جس طرح مختلف تقاریب اور مقامات پر ان کی خلاف ورزی کی جاتی ہے، وہ محتاجِ بیان نہیں۔

گزشتہ کئی برسوں سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلحہ کی نمائش یا اسے غیر قانونی طور پر رکھنے کی سخت پابندی ہے لیکن شادی بیاہ کی تقریب میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے شہریوں میں خوف وہراس پیدا ہوجاتا ہے۔

ان عوامل کے نتیجے میں رونما ہونے والے حادثات کی خبریں نظر تو آتی ہیں لیکن ارباب اختیار خصوصا پولیس، ڈولفن فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

تھانہ لیاقت آباد کے قریب کار سوار نوجوان شعبان سرعام شادی ہال کے باہر ہوائی فائرنگ کرتا رہا۔ نوجوان نے ہوائی فائرنگ کرکے ویڈیو بنوائی اور پھر خود ہی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی۔ کارسوار نوجوان کو سرعام قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

سٹی فورٹی ٹو پر ویڈیو نشر ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور ملزم شعبان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے اسلحہ برآمد کرکے مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ 

مزیدخبریں