(سعید احمد سعید) پنجاب حکومت اس جان لیوا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے، ایئرپورٹ پرمسافروں کی سکریننگ کا سلسلہ جاری ہے، مزید 3مسافرمشتبہ قراردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پھیپھڑوں کے شدید عارضے میں مبتلا کرنے والا وائرس جو چین سے شروع ہوا اب156 ممالک میں پھیل چکا ہے،جس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، چین میں اب تک کورونا وائرس سے 78 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 3000 سے زائد ہلاک ہوئے ہیں، اٹلی میں ایک ہی روز میں 133افراد جان سے گئے، خطرناک وائرس لاہور بھی پہنچ گیا۔
شہر میں پہلا کیس سامنے آنے پر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نےسٹی فورٹی ٹو کی خبر کی تصدیق کردی، 54 سالہ مریض میو ہسپتال میں زیرعلاج ہے، مریض گزشتہ شب سے ہسپتال میں داخل تھا, کورونا وائرس کا پہلا مریض 10 مارچ کو برطانیہ سے واپس لوٹا تھا, 54 سالہ مریض کو گزشتہ روز علامات ظاہر ہونے پر ہسپتال لایا گیا تھا, مریض سے براہ راست رابطے میں رہنے والے تمام افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جو نیگیٹو آئے۔
علاوہ ازیں علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب سے آنےوالے 3مسافر کومشتبہ قراردیا گیا ہے،مسافر پی آئی اے کی پرواز پی کے740سے جدہ سے لاہور پہنچے تھے،جدید تھرمو سکینر سےسکریننگ پر مسافروں میں تیز بخار فلو کی شکایت پائی گئی
تینوں مسافروں کو فوری طور پر آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا،ابتدائی طبی معائنے کےبعدمسافروں کو سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کےلئے موثر اور بروقت اقدامات شروع کردیئے ہیں، تعلیمی اداروں، شادی ہالوں اور سینما گھروں کو بند رکھنے کا فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا ہے،عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کےلئے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں۔