(علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہی کورونا وائرس سے نمٹنے کا موثر ذریعہ ہے، پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اور بروقت اقدامات کیے ہیں، تعلیمی اداروں، شادی ہالوں اور سینما گھروں کو بند رکھنے کا فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام ”پرہیز علاج سے بہتر ہے“ کے اصول پر عمل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کو اپنے معمول کا حصہ بنائیں، عوام کے تعاون سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر طبقے کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا،عوام کی حفاظت کیلئے آئندہ بھی مزید اقدامات کرتے رہیں گے۔
صارفین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ صارفین کے حقوق کا تحفظ تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت پنجاب کے اضلاع میں کنزیومر کورٹس قائم کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کو بھی اپنے حقوق و فرائض سے آگاہی حاصل کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماہر اقتصادیات، دانشور و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر مبشر حسن کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔