لاہور میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا

15 Mar, 2020 | 10:08 AM

Sughra Afzal
Read more!

جیل روڈ(زاہد چودھری، عثمان علیم، عرفان ملک) لاہور میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، متاثر مریض چند روز قبل بیرون ملک سے واپس آیاتھا،وائرس کی تصدیق کے بعد شہرمیں اقدامات سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

پھیپھڑوں کے شدید عارضے میں مبتلا کرنے والا وائرس جو چین سے شروع ہوا اب149 ممالک میں پھیل چکا ہے،جس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، چین میں اب تک کورونا وائرس سے 78 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 2700 ہلاک ہوئے ہیں، اٹلی میں ایک ہی روز میں 133افراد جان سے گئے، خطرناک وائرس لاہور بھی پہنچ گیا۔

پنجاب حکومت اس جان لیوا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے، پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے بھر کے ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کردی،  حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر سکولز، کالجز ، یونیورسٹیاں، سینما گھر ، شادی ہالز بند کرنے کا حکم دیدیا، کورونا کےسنگین خطرات کے پیش نظر حکومت نے تمام موبائل کمپنیوں کو کوروناالرٹ میسج جاری کرنے کے احکامات بھی دے دیئے۔

 دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے حکومتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر 40 سے زائد شادی ہالز ، 4 سینما گھروں اور فارم ہاؤسز سیل کردیئے ۔

علاوہ ازیں پولیس نے بھی شہرکے داخلی راستوں پرسکریننگ کا فیصلہ کرلیا، پولیس نے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے سکریننگ کے لیے عملہ تعینات کرنے کی سفارشات بھجوا دیں، سی سی پی او نےکورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایات بھی جاری کر دیں۔

سی سی پی او ذوالفقار حمید کی زیر صدارت سنیئر پولیس آفیسرز کے اجلاس میں عوامی مقامات، شادی ہالز، مزارات، سکولوں کی بندش یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل میچز کے لئے آنے والی اضافی پولیس نفری فوری طور پر ان کے اضلاع یا پنجاب کانسٹیبلری میں واپس بھجوا دی جائے۔

سی سی پی او نے ہنگامی اقدامات کے موثر نفاذ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سفر کرنے والے افراد پر خصوصی نظر رکھی جائے گی، لاہور کے داخلی راستوں پر چیک پوسٹس پر کورونا وائرس کی سکیننگ ہوگی، متاثرہ افراد کیلئے قائم قرنطینہ والے مراکز کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈویژنل ایس پیز اپنے ڈویژن میں فوکل پرسن برائے کورونا مقرر کریں،شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ پولیس ملازمین کو اپنی صحت کا بھی خیال رکھنا ہوگا، پولیس دفاتر، بیرکس اور تھانوں میں صفائی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نےکہا کہ پولیس ملازمین کے لئے خصوصی طور پر فیکٹری سے ماسک تیار کرائے جا رہے ہیں جو جلد تقسیم کر دیئے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ  وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

طبی ماہرین نے پاکستانی عوام کو اس وائرس سے بچنے کیلئے مختلف تدابیر اپنانے کی ہدایات کی ہیں،طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ صاف ستھری اورصحت مندغذا استعمال کریں ، شہری ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب برتیں، موجودہ صورتحال میں پانی کا استعمال زیادہ کردیں،کھلی جگہوں پر کھانسنے اور چھینکنے سے اجتناب برتیں ایک دوسروں سے لی گئی چیزوں سے بھی اجتناب برتیں۔

مزیدخبریں