غوث الاعظم روڈ (زین مدنی )پاکستان کی نامور اداکارہ اور تمغہ امیتاز اپنے نام کرانے والی مہوش حیات بہت جلد بی بی سی کے ایک شو میں جلوہ گر ہونے جارہی ہیں جس کی پروڈکشن کوئی اور نہیں بلکہ ہولی وڈ کی کامیاب اداکارہ اینجلینا جولی کررہی ہیں۔
مہوش حیات نے اس خبر کا اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں مرد و خواتین کے برابر معاوضے پر بات کرتی نظر آئیں۔ویڈیو میں انہوں نے سوشل میڈیا کو مثبت انداز میں استعمال کرنے پر بھی بات کی اور اس کی اہمیت بتائی۔ان کا کہنا تھا کہ 'میں چاہتی ہوں اداکار اور اداکاراں کو برابر معاوضہ دیا جائے تاکہ ان کی برابر عزت بھی ہو'۔
مہوش حیات کے مطابق 'اگر سوشل میڈیا کو صحیح انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے اور لوگوں کو اس کے ذریعے آگے بڑھنے میں مدد بھی ملے گی'۔انہوں نے فلموں میں اپنے کرداروں کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ 'جس قسم کے کردار میں نے فلموں میں ادا کیے وہ دقیانوسی تصورات کے خلاف ہوتے ہیں'۔
خیال رہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے اس پروگرام کا نام 'بی بی سی مائے ورلڈ' رکھا گیا ہے جس کی اینجلینا جولی ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔اس پروگرام کی اقساط ہر اتوار بی بی سی ورلڈ نیوز پر نشر ہوں گی جبکہ بی بی سی کی 42 مختلف زبان کی سروسز پر بھی شیئر ہوگا۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب مہوش حیات نے انڈسٹری میں مرد و خواتین کے برابر معاوضے کے حوالے سے آواز اٹھائی ہو۔اس سے قبل بھی اداکارہ کئی پلیٹ فارمز پر اس حوالے سے بات کرچکی ہیں۔