فلم ’’ لوڈ ویڈنگ ‘‘ دوبارہ پاکستانی سینما گھروں کی زینت بنے گی

15 Mar, 2019 | 12:44 AM

Arslan Sheikh

( زین مدنی ) ڈسٹری بیوشن کلب کے زیراہتمام فہد مصطفے اور مہوش حیات کی ’’ لوڈ ویڈنگ‘‘ آج دوبارہ سینماؤں کی زینت بنے گی، جہیز کے موضوع پر بنائی گئی رومانوی کامیڈی فلم راجھستان فلم فیسٹیول میں بہترین تفریحی فلم کا اعزاز بھی حاصل کرچکی ہے۔

شائقین کی ڈیمانڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈسٹری بیوشن کلب آج جمعہ سے لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر کے سینماؤں میں سپر ہٹ فلم ’’ لوڈ ویڈنگ ‘‘ کی دوبارہ نمائش کا آغاز کررہا ہے۔ پروڈیوسر فضا علی مرزا اور ڈائریکٹر نبیل قریشی کی ڈائریکشن میں بنی فلم نے ہلکے پھلکے انداز میں سماجی مسئلے جہیز کے خاتمے کی جانب شائقین کی توجہ مبذول کروائی تھی۔

فلم میں فہد مصطفے اور مہوش حیات کے منفرد کردار، ہٹ میوزک اور پنجاب کے بیک گراؤنڈ میں رچی کہانی نے بھی شائقین کو خوب متاثر کیا تھا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گذشتہ برس عیدالاضحی پر ریلیز ہونے والی فلم لوڈ ویڈنگ نے ملک بھر سے 10 کروڑ سے زائد بزنس کیا تھا جبکہ اسے رواں برس راجھستان میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں بہترین فلم کے اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

 ٹریڈ حلقوں کے مطابق سماجی آگاہی کیلئے بنائی گئی ’’ لوڈ ویڈنگ‘‘ ایور گرین فلم ہے جسے شائقین فیملیز کے ساتھ دیکھ کر لطف اندوز ہونگے۔

مزیدخبریں