پاکستان سپر لیگ کے پلے آف اور فائنل میچ خطرے میں پڑگئے

15 Mar, 2018 | 02:23 PM

(سٹی42)  رائیونڈ میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے، دھماکے کے زخمی شہر کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر سمیت پولیس حکام نے اسپتالوں زخمیوں کی عیادت بھی کی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزدہشت گردوں نے لاہور کو پھر خاک و خون میں نہلا دیا، رائیونڈ خود کش دھماکے نے کئی گھر اجاڑ دئیے،دھواں، لاشیں،جان بچانے والوں کی بھگدڑ، زخمیوں کے کراہنے کی آوازیں، یہ سب کس طرح بند ہوگا، بے گناہ لوگوں کے خون سے ہولی کب تک کھیلی جائے گی، رائیونڈ میں خودکش دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی دی میں درج ہوگیا، خونیں واقعے کے درجنوں زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ہر قسم کی طبی سہولیات بہم فراہم کی جارہی ہیں، خواجہ سلمان رفیق، لارڈمئیرلاہورکرنل ریٹائرڈ مبشرجاویدآ، ئی جی پنجاب عارف نواز، سی سی پی اولاہورامین وینس نے زخمیوں کی عیادت کی۔
صدر، وزیر اعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماﺅں نے واقعے کی سخت الفاط میں مذمت کی ہے، یہ بھی کہا ہے کہ آخری دہشت گردکی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے دہشت گردی کے خلاف عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔

دوسری طرف پاکستان  سپر لیگ کا پلے آف مرحلہ اور فائنل میچ پاکستان میں ہونے جارہا ہے،سیمی فائنلز لاہور جبکہ فائنل کراچی میں ہونا طے پایا ہے جن کے انعقاد کیلئے تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں،غیرملکی کھلاڑی پہلے ہی پاکستان آنے سے ڈرے ہوئے تھے اب رائیونڈ دھماکے کی وجہ سے حالات مزید بگڑنے کا خطرہ ہے،اطلاعات کے مطابق پاکستان  سپر لیگ (پی ایس ایل) کی آخری چار ٹیموں میں جگہ بنانے والی 'کوئٹہ گلیڈی ایٹرز' کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان جانے سے معذرت کرلی، پاکستان  سپر لیگ کی سب سے سستی ٹیم 'کوئٹہ گلیڈی ایٹرز' جس نے پہلے دونوں ایونٹ کے فائنل تک پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، تیسرے سال آخری چار ٹیموں کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے مشکل صورت حال کا شکار دکھائی دیتی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جسے بدھ (14 مارچ) کی رات شارجہ اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں 17 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، آج شارجہ ہی میں اپنا آخری لیگ میچ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ کھیل رہی ہے، جہاں جیت اسے دبئی میں 18 مارچ کو ہونے والے کوالی فائر تک پہنچانے کی راہ ہموار کر سکتی ہے،یاد رہے کہ پہلے دو سیزن میں کوئٹہ کوالی فائر کی فاتح رہی ہے، لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے بری خبر یہ ہے کہ اس کے تمام اہم غیر ملکی کرکٹرز نے پاکستان جانے سے معذرت کر لی ہے۔

یاد رہے کہ اس بار پی سی بی نے پاکستان جانے والے کھلاڑیوں کے لیے الگ سے 20 ہزار ڈالر رکھے تھے، تاہم اس کے باوجود انگلش اور آسڑیلوی کرکٹرز پاکستان جاکر کھیلنے سے گریز کر رہے ہیں،گزشتہ برس 5 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جب پی ایس ایل ٹو کا فائنل کھیلا گیا تھا،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باعث پشاور زلمی سے 58 رنز سے ہار گئی تھی۔

مزیدخبریں