شادی میں کرنسی نوٹ اور موبائل فون لٹا کر ٹریفک بلاک کرنے والوں پر مقدمہ بن گیا

15 Jun, 2024 | 11:58 PM

سٹی42: شادی کی تقریب میں خود نمائی کے لئے بے تحاشا کرنسی نوٹ،  نئے موبائل فون، اور نئے ان سلے سوٹ لٹانے والے دولہا اور بھائیوں نے کئی گھنٹے تک سڑک پر ٹریفک بلاک کئے رکھی، پولیس ہوائی فائرنگ اور شادی ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کرنے کے باوجود کسی کو گرفتار نہ کر سکی۔ 

 سیالکوٹ کے نواحی علاقہ ڈلوالی میں اپنی شادی کو "شاہی شادی"  بنانے کے جنون میں مبتلا  دولہا اوراس کے بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج  کر لیا گیا لیکن گرفتاری کوئی نہیں ہوئی۔

پولیس کی درج کردہ ایف آئی آر کے مطابق  27 سالہ دولہا مدثر علی کے بھائیوں اور کزنز نے بارات پر لاکھوں روپے کی ملکی و غیر ملکی  کرنسی ، موبائل فونز اور مردانہ و زنانہ سوٹوں کی برسات کر دی، اس دوران کم از کم ایک شخص نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ 

 دولہا کو  غیر ملکی کرنسی نوٹو کا قیمتی ہار بھی پہنایا گیا ۔ اس شادی پر کرنسی نوٹ  اور موبائل فون لٹانے کی پہلے تشہیر کی گئی تھی جس کی وجہ سے دور دور سے لوگ وہاں پہنچےاور سڑک پر ٹریفک جام ہو گیا۔ اس نمائشی شادی میں بہت سے غریبوں کا تو بھلا ہو گیا لیکن  میرج ایکٹ کی بری طرح پامالی ہوئی۔ قانون نافذ کرنے والے اس سارے تماشے کا دور سے تماشا دیکھتے رہے۔

جب اس خود نمائی کی ویڈیوز وائرل ہوئیں تو پولیس نے سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں کے منہ بند کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ اور شادی ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ تو درج کر لیا لیکن گرفتار کسی کو نہیں کیا۔ 

معلوم ہوا ہے کہ کرنسی نوٹ  لوٹنے والے نوجوان بڑی تعداد میں سپیشل گاڑیاں کروا کر دور دراز علاقوں سے آئے تھے۔

ڈی پی او حسن اقبال کا کہنا ہے کہ  مقامی میرج حال کے باہر پیسے لٹاتے ہوئے 2 گھنٹ  تک ٹریفک بلاک رہا۔ مقدمہ میں میرج ہال کے مینیجر کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں