عمران ریاض کار سرکار میں مداخلت کے کیس سے بری، عدالت کے حکم پر رہائی

15 Jun, 2024 | 12:21 AM

سٹی42:  لاہور کی کینٹ کچہری میں جوڈیشل میجسٹریٹ نے یوٹیوبر اور اینکرپرسن عمران ریاض کو کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا، میجسٹریٹ کے حکم کے بعد اینکرپرسن کو رہا کر دیا گیا۔

پولیس نے صحافی عمران ریاض کو  جمعہ کے روز جسمانی ریمانڈ کے لیے لاہور کینٹ کے جوڈیشل میجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا تھا۔

پولیس نے مؤقف اپنایا کہ ملزم کو ایف آئی آر میں نامزد ہونے پر گزشتہ روز گرفتار کیا گیا، ملزم کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کو گرفتار کرنا ہے، لہٰذا ملزم کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔

عمران ریاض کے وکیل میاں علی اشفاق نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عمران ریاض پر درج مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔

بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے عمران ریاض کے ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔ میجسٹریٹ نے کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے اینکر پرسن کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا۔

 جوڈیشل مجسٹریٹ نے حکم نامے میں لکھا کہ ایف آئی آر میں درج جرم اور ریمانڈ پیپر کی نوعیت قابل ضمانت ہے، لہٰذا قانون کے مطابق جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جاسکتا، اور تفتیشی افسر کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

حکم نامے کے مطابق یہ نوٹ کیا گیا ہے کہ ملزم کے خلاف ثبوت ناکافی ہیں، لہذا عمران ریاض کو کیس سے ڈسچارج کیا جاتا ہے، تفتیشی افسر کو ہدایت کی جاتی ہے کہ اگر ملزم کسی اور کیس میں مطلوب نہیں ہے تو ان کو رہا کیا جائے۔

 گزشتہ روز لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری  میں میجسٹریٹ نے یوٹیوبر اور اینکرپرسن عمران ریاض پر امانت میں خیانت کا مقدمہ ختم کر دیا  تھا جس کے بعد  پولیس نے انہیں ایک اور مقدمے میں دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل ہی لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری میں جج نے اینکر پرسن عمران ریاض کے خلاف امانت میں خیانت کے مقدمے میں ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

 پولیس نے عمران ریاض کا 7 دن کا جسمانی ریمانڈ مانگا تھا، دوران سماعت عمران ریاض کے وکیل میاں علی اشفاق نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمران ریاض پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے، مدعی وزیراعلیٰ  مریم نواز کے گزشتہ عام انتخابات میں پولنگ اسٹیشنز کا ایجنٹ رہ چکا ہے۔

عمران ریاض خان کے خلاف الرحمن پراپرٹی ڈیلر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔  مقدمہ دفعہ 406 امانت میں خیانت الزام کے تحت درج کیا گیا تھا۔

 12 جون کو یوٹیوبر اور اینکر عمران ریاض خان کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس گرفتاری کے دوران  ایئر پورٹ پر ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی۔  عمران ریاض تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں۔

اس گرفتاری کے متعلق عمران ریاض کے ایکس اکاؤنٹ پر کہا گیا  کہ احرام میں ملبوس عمران ریاض خان کو ایئرپورٹ  پر  وردی اور بغیر وردی افراد نے گرفتار کیا، عمران ریاض خان کو دھکے دیئے اور بدتمیزی سے گرفتار کیا۔

مزیدخبریں