پرویز الٰہی کی طبیعت ٹھیک نہیں، اہلیہ کا ویڈیو پیغام جاری

15 Jun, 2023 | 09:01 PM

ویب ڈیسک : پرویز الٰہی کی اہلیہ کا شوہر کی طبیعت خرابی سے متعلق اہم  ویڈیو بیان سامنے آگیا۔

ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ کچھ دن پہلے مجھے رات گئے پی آئی سی سے فون آیا کہ آپ کے خاوند کو ایمرجنسی میں یہاں لایا گیا ہے، مجھے کہا گیا کہ آپ ان کی تمام رپورٹس لے کر فوراً پہنچیں، جب میں چودھری پرویز الٰہی کی رپورٹ لے کر وہاں پہنچی تو پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور مجھے اندر نہیں جانے دیا گیا، میں نے پولیس والوں سے درخواست کی کہ صرف دو منٹ کیلئے ملنے دیں لیکن پھر بھی نہ سنی گئی، پولیس والوں کے منہ لٹکے ہوئے تھے اور وہ کہتے تھے کہ ہم چودھری پرویز الٰہی صاحب کی بہت عزت کرتے ہیں لیکن مجبور ہیں۔ اہلیہ پرویز الٰہی نے کہا کہ ہسپتال میں پرویز الٰہی صاحب کے نامکمل ٹیسٹ کیے گئے، اس بات کی گواہی وہاں کے ڈاکٹرز بھی دیں گے، جیل میں جو سلوک چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ ہو رہا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے، چودھری پرویزالٰہی کو سی کلاس میں رکھا گیا ہے لیکن انہیں سی کلاس کی سہولیات بھی نہیں دی جا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی عمر 77 سال ہے لیکن ان کے ساتھ یہ ظالمانہ سلوک کیوں روا رکھا جا رہا ہے، یہ بتایا جائے کہ چودھری پرویزالٰہی کا اتنا کیا قصور ہے، ہماری شنوائی نہیں ہو رہی، کوئی داد رسی نہیں ہو رہی اس کی کیا وجہ ہے۔

مزیدخبریں