(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آج اپنے دورہ مشہد کے دوران امام رضا کے مزار پر حاضری دی، ہوائی اڈے پر وزیر خارجہ کا استقبال صوبہ خراسان رضوی کے گورنر جنرل یعقوب علی نظری نے کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے مزار پر حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب پر دستخط بھی کیے۔
وزیر خارجہ نے پرامن بقائے باہمی اور انسانیت کیلئے رحمت پر مبنی اسلامی تعلیمات کی حقیقی روح کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
مشہد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی امام رضا کے روضہ مقدس پر حاضری، ملکی سلامتی اور وطن عزیزکے لئے خصوصی دعا، وزیرخارجہ نے آستان قدس رضوی کے متولی علامہ شیخ احمد مروی سے ملاقات بھی کی۔@BBhuttoZardari pic.twitter.com/rmqei6SBnK
— PPP (@MediaCellPPP) June 15, 2022
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آستانہ قدس رضوی کے متولی حجت اللہ احمد ماروی سے بھی ملاقات کی۔
وزیر خارجہ نے اربعین کے دوران ایران کا دورہ کرنے والے پاکستانی زائرین کیلئے انتظامات پر حجت اللہ احمد ماروی کا شکریہ ادا کیا اور ایران میں زائرین کے داخلے اور قیام کی سہولت کیلئے باہمی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔